لاہور۔8فروری (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے بدھ کو وزیراعلی آفس میں چین کے قونصل جنرل زا شیرین (Mr. Zhao Shiren) نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے خصوصا سموگ پر قابوپانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیااور سی پیک کے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مشکل کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے۔چین نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سموگ پر قابو پایا ہے۔ ایئر پیوریفائیڈ ٹاورز کی چینی ٹیکنالوجی سموگ کے حوالے سے سود مند ثابت ہوئی ہے۔پنجاب خصوصا لاہور میں سموگ پر قابو پانے کیلئے چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کیلئے چین کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ سموگ پر قابو پانے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی بھرپور معاونت کریں گے۔چینی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلی محسن نقوی کوچین کے دورے کی دعوت دی اورکہا کہ ہمیں خوشی ہوگی کہ آپ چین کا دورہ کریں۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ چین میرے دل کے بہت قریب ہے،انشا اللہ پہلی فرصت میں ہی چین جائوں گا۔











