اسلام آباد، 23فروری (اے پی پی ): دی ڈائبٹیز سنٹر (ٹی ڈی سی) کے مرکزی ہسپتال میں ٹی ڈی سی اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مابین باہمی سمجھوتے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے ڈی ائی جی اشفاق احمد خان ڈپٹی انسپکٹر جنرل این 5، نارتھ زون اور ایس پی مس مبشرہ جاوید جبکہ ٹی ڈی سی کی طرف سے چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید اور ایم ایس بریگیڈیر ریٹائرڈ محمد اجمل خان نے باہمی سمجھوتے پردستخط کیے۔
اس سمجھوتے کے مطابق ٹی ڈی سی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کوعلاج کی رعایتی سہولت فراہم کرے گا، نیز موٹروے پولیس کے سٹاف کو ذیابیطس سے بچنے کی تربیت بھی فراہم کرے گا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ٹی ڈی سی سٹاف کو شاہراہوں پر محفوظ ڈرائیونگ کے متعلق تربیت فراہم کرے گا۔
ڈی ائی جی اشفاق احمد خان نے کہا کہ ٹی ڈی سی جیسے اداروں سے مل کر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس روڈ سیفٹی کو قومی شاہراہوں پر یقینی بنائے گا۔
چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید کے مطابق، پاکستان کے موٹروے پولیس جیسے قابلِ ذکر اداروں کیساتھ مل کر ٹی ڈی سی ذیابیطس کی روک تھام کیلیے کامیابی سے کام کرتا رہے گا۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر محمد اجمل خان نے ٹی ڈی سی کے وژن، منصوبوں اورکوششوں کو آشکارا کیا۔ تقریب کے اختتام پردونوں اداروں کے درمیان خیر سگالی کے جذبات کا اظہار ہوا۔