اسلام آباد، 02 فروری (اے پی پی ): چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تربت میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کی حربی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
نیول چیف کو تربت میں تعینات پاک بحریہ کی یونٹس کی آپریشنل تیاری پر بریفنگ بھی دی گئی۔ نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ساحلی علاقوں کے عوام کی بہتری کیلئے پر عزم ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تربت آمد پر کمانڈر پاکستان فلِیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ نیول چیف نے تربت میں جدید طبی آلات سے آراستہ ہسپتال کا افتتاح بھی کیا۔افتتاح کے موقع پر نیول چیف کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے قیام سے تربت کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی۔