وہاڑی،05 فروری(اے پی پی ):پشاور پولیس کے شہداء کی یاد میں میونسپل کمیٹی وہاڑی میں شمع روشن کی گئیں۔اس موقع پر شہداء سانحہ پشاور کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کی درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی طارق محمود نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے دی گئی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملائیں گے۔ انہوں نے کہا کہہ پاکستان میں قیام امن کے لیے ہر فرد اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔
ڈی ایس پی روبینہ عباس نے اس موقع پر کہا کہ پولیس امن و امان کے قیام کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے جان کے نذرانے پیش کرتی رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وطن کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم ، صدور مرکزی انجمن تاجران ارشاد حسین بھٹی، طاہر شریف گجر، جنرل سیکرٹری راؤ خلیل احمد سمیت تاجر رہنما اور سو ل سوسائٹی کے نمائندے موجود تھے۔