پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے تاجر اور سرمایہ کار ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں؛چیئرمین سینیٹ  صادق سنجرانی

26

اسلام آباد،15فروری  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے تاجر اور سرمایہ کار ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں، سی پیک کے منصوبے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے بھی گیم چینجر ثابت ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئیوری کوسٹ قومی اسمبلی کے صدر اداما بکٹوگو کی سربراہی میں 16رکنی پارلیمانی وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینزکانگریس کے کانفرنس ہال میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان آئیوری کوسٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں  نے پارلیمانی وفد کو سینیٹ آف پاکستان کے بزنس اور فنکشز بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئیوری کوسٹ کے پارلیمان کو قانون سازی میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں اور آئیوری کوسٹ کے ارکان پارلیمان کو پپس میں بہترین ٹریننگ دی جاسکتی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت وسرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ گوادر معاشی حب ہے جس سے آئیوری کوسٹ کے سرمایہ کاروں کو بھی فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئیوری کوسٹ کے سرمایہ کار گوادر میں انڈسٹری لگا کر دیگر ممالک کو چیزیں برآمد کرسکتے ہیں اور آئیوری کوسٹ کے تاجر وں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

 فریقین نے معیشت، تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے تعلقات،تجارت اور معیشت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اقتصادی راہداری اور صنعتی زون کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے ممالک تک تجارت میں بہتری لائی جا سکتی ہے، سی پیک منصوبہ جات نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے بھی گیم چینجر ثابت ہونگے۔ آئیوری کوسٹ کی بزنس کمیونٹی پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان “انگیج افریقہ” پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور امید ہے کہ وفد کایہ دورہ دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں اہم ثابت ہوگا۔ آئیوری کوسٹ قومی اسمبلی کے صدر اداما بکٹوگو نے کہا کہ پاکستان کو دورہ کر کے بہت عزت و احترام ملا جس پر شکر گزار ہیں اور آئیوری کوسٹ نے2010 سے اب تک موجود صدر کی سربراہی میں سات فیصد سالانہ ترقی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیوری کوسٹ کی قیادت مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتی ہے اور آئیوری کوسٹ نے کپاس، کافی، انرجی اور اکانومی پر خصوصی توجہ دے کر معیشت میں بہتری لائے ہیں۔

صدر اداما بکٹوگو نے کہا کہ آئیوری کوسٹ کو سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے جس میں ہم افواج پاکستان کے ساتھ تعاون کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں  نے چیئر مین سینیٹ کو اپنے ملک میں معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آئیوری کوسٹ کی پالیسی اب سارے ممالک کیلئے کھلی ہے، پاکستان بھی آئیوری کوسٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیوری کوسٹ نے زراعت میں کافی ترقی کی ہے، زراعت کے شعبے میں پاکستان آئیوری کوسٹ کے تجربات سے استفادہ کرسکتا ہے۔

 چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تجارتی روابط کو مضبوط کرنے کیلئے تجارتی وفود کے تبادلے نا گزیر ہیں۔ صدر اداما بکٹوگو نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اداما بکٹوگو نے سابق صدر پرویز مشرف کی وفات پر آئیوری کوسٹ کے صدر کی جانب سے اظہار تعزیت کی۔ بعد ازاں چیئرمین سینیٹ کی طرف سے وفد کو مقامی ہوٹل میں ظہرانہ دیا گیا۔