پاکستان تمام تر مالی مشکلات کے باوجود ترکیہ اور شام کے متاثرین  زلزلہ کی بحالی کی کوششوں میں حصہ لے گا،احسن اقبال

9

اسلام آباد،16فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات  احسن اقبال  نے کہا ہے کہ پاکستان تمام تر مالی مشکلات کے باوجود ترکیہ اور شام کے متاثرین  زلزلہ کی بحالی کی کوششوں میں حصہ لے گا،پاکستان کی حکومت اور عوام آزمائش کی ان گھڑیوں میں  زلزلہ متاثرین  کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ترکی میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل اور زلزلہ زدگان کی بحالی کے لئے  اجلاس  میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں این ڈی ایم اے، این ایل سی،صوبائی حکومتوں اور وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر  نے کہا  کہ پاکستانی تمام تر مالی مشکلات کے باوجود ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین  کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں میں بڑھ کر حصہ  لے  رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے این ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کی کہ وہ امدادی  سامان کی ترسیل کو تیز کرے  تاکہ متاثرین تک  بروقت سامان پہنچایا  جا سکے اور  کہا  کہ  ترکی میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے نجی اداروں کی راہ میں انتظامی مشکلات دور کرنے  کے لئے  متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔

 وفاقی وزیر نے  ہائیر ایجوکیشن کمیشن  اور تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہدایت جاری کی   کہ وہ نوجوانوں کو اس حوالے سے متحرک کرنے کے لیے   کیمپ لگائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ سال سیلاب کی تباہ کاریوں سے بہت سارے اضلاع متاثر ہوئے،  ترکیہ نے اس وقت اور اس کے علاوہ   ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  پاکستان کے بڑے کاروباری حضرات اور ادارے   بالخصوص ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس ترکی میں زلزلہ متاثرین کی امداد  میں آگے بڑھ کر حصہ لیں۔وفاقی وزیر  نے کہا کہ   پاکستان میں ادویات بنانے والی کمپنیاں متاثرین کے لئے ضروری ادویات اور فرسٹ ایڈ کٹس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔   وفاقی وزیر نے ہدایت جاری کی کہ   اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اشیاء خورد و نوش اور ادویات عالمی معیار پر پورا اترتی ہوں۔