لاہور۔9فروری (اے پی پی):سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کے معاملات بارے بورڈ کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا ہے۔اجلاس میں ممبر کالونیز شاہد نیاز، ڈی جی پی آر روبینہ افضل اور حسیب زیدی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے،ممبر کالونیز نے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن میں ناجائز قابضین کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کالونیز بارے حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے گا اورصحافی کو چھت کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے تمام صحافیوں کو پلاٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں نبیل جاوید سے ریونیو رپورٹر ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی، صدر ایسویسی ایشن شبیر حیدر نے نبیل جاوید کو سینئر ممبر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پھول پیش کئے۔اس موقع پر سنیئر ممبر نے کہا کہ صحافت مقدس پیشہ ہے، صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی اچھی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا، صحافی برادری کرپٹ عناصر کی نشاندہی کرے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہے، اوپن ڈور پالیسی کے تحت میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔











