پولیو ورکرز کے معاوضہ کو بڑھانے کے لئے ڈبلیو ایچ او سے رابط کیا جائے گا، ڈاکٹر جمال ناصر

18

لاہور۔1فروری  (اے پی پی):نگران وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر سے ینگ پیرا میڈیکس ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پیرامیڈیکس سروس سٹرکچر، رسک الائونس، کووڈ اور پولیو سٹاف کے معاوضے، لیڈی ہیلتھ  ورکرز اور لیڈی ہیلتھ سپروائزرز کی پروموشن کے معاملات پر بات کی گئی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں پیرامیڈیکس کے تربیتی پروگرام فوری شروع کئے جائیں گے اور لیڈی ہیلتھ ورکرز اور سپروائزرکی پروموشن یقینی بنانے کے لئے طریقہ کار کو آسان بنایا جائیگا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی کہ کووڈ-3  اور 4  کے دوران خدمات انجام دینے والے سٹاف کو فوری ادائیگیاں کی جائیں اور پولیو ورکرز کا معاوضہ بڑھانے کے لئے ڈبلیو ایچ او سے فوری رابطہ کیا جائے۔ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی اولین فریضہ ہے۔اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر یونس، ڈپٹی سیکرٹری ولید بیگ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر عقیل نے شرکت کی جبکہ ینگ پیرامیڈیکس  ایسوسی ایشن کی قیادت رخسانہ انور  اور یونس بخاری نے کی۔