لاہور،05 فروری (اے پی پی ):نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اتوار کو ہدایت کی ہے کہ پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران پولیو سے پاک پنجاب کو یقینی بنانے کے لیے موثر نظام وضع کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتور کو یہاں پولیو کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 سے 16 فروری 2023 تک پنجاب کے 13 اضلاع میں پولیو کے خاتمے کی مہم چلائی جائے گی جس میں 22 ملین بچوں کو پولیو کے خاتمے کے قطرے پلائے جائیں گے۔
محسن نقوی نے پولیو کے خاتمے کی وضع کردہ مہم پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیو کے خلاف اقدامات سے قوم کی آنے والی نسل کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور مشترکہ کوششوں سے پولیو کے مرض کا خاتمہ ہو گا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرنے پولیو کے خاتمے کے اقدامات اور پولیو مہم کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری (پی اینڈ ایس ایچ سی)، سیکرٹری اطلاعات، ایڈیشنل سیکرٹری (پی اینڈ ایس ایچ سی)، ڈی جی ہیلتھ سروسز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر (پی اینڈ ایس ایچ سی) ڈاکٹر جمال ناصر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔