پہلی مرتبہ ایک ملزم عدالت سے حفاظتی ضمانت کے لئے جلوس کی شکل میں آیا ،عدالت کے احاطہ میں نعرہ بازی کی گئی؛ معاون خصوصی عطا تارڑ

18

اسلام آباد،21فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ ایک ملزم عدالت سے حفاظتی ضمانت کے لئے جلوس کی شکل میں آیا ،پی ٹی آئی کے کارکنوں نے عدلیہ کے احاطہ میں نعرے بازی کی ، ہمارے کارکنان بھی ہائیکورٹ آتے تھے ہم نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو ایسی سرگرمیوں سے روکا ، جعلی دستخط کرنے پر عمران خان کے وکیل کا لائسنس  منسوخ کیا جائے، عمران خان گرفتاری سے ڈرتا ہے۔

منگل کو  یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کل عدالت میں پیشی پرپی ٹی آئی کے  کارکنوں کو  کال دی گئی ، کہا جارہا تھا ایک ریلی کی صورت میں لاہور ہائیکورٹ جانا ہے اور جلسہ کرنا ہے،ہائیکورٹ کے ادارے سے گزشتہ 35 سال سے تعلق ہے لیکن کبھی ایسی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملزم ہے ، دو مقدمات درج ہیں ، انھیں عدالت عالیہ نے  ضمانت کے لئے بلایا تھا  لیکن لوگوں کو ساتھ لاکر ثابت کر دیا گیا کہ یہ شخص ڈرپوک ہے ،آپکی جعلسازی نکل آئی ہے کہ ضمانت کی درخواست پر اظہر صدیق نے دستخط کئے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پنجاب بار کونسل سے مطالبہ کیا کہ  اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور ہائیکورٹ کے احاطہ میں جلسہ کرنے پر کارروائی ہونا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی وزیر کو اچھی طرح سے جانتا ہوں ،انکی سیاست کب اور کیسے شروع ہوئی ،سسر کی گود میں سیاست کرنے والوں کو بھی پر لگ گئے ہیں،ساہی صاحب کیا آپ اپنے سسر کے پیچھے چھپ کر سیاست نہیں کررہے؟ انہوں نے کہا کہ  ہم قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ،ہماری حکومت ہوتے ہوئے  شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو ئے ہیں ۔

 عطا تارڑ نے مطالبہ کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی سمیت اس نوعیت کی تمام لیک آڈیو ز کی تحقیقات کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر  ایک کرپٹ سی سی پی او کا ریکارڈ سب کے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توشہ  خانہ کیس میں آج فرد جرم عائد ہونا تھی بہانہ کرکے تاخیر کا شکار کیا جارہا ہے ۔

 انہوں نے سوال اٹھایا کہ بتایا جائے کہ ہمارے دور میں کس پر سیاسی کیسز ہوئے ہیں؟ہم نے کسی پر دباو نہیں ڈالا کہ کوئی مقدمہ قائم کرو ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے استعفی کی وجوہات وہی بتا سکتے ہیں ۔