ملتان،12 فروری(اے پی پی):لاہور قلندر کے کپتان و قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کاآٹھواں سیزن شروع ہونے جا رہا ہے،جس میں حصہ لینے والی ساری ٹیمیں اچھی ہیں ،کسی کو بھی ہلکا نہیں لے سکتے،ہدف اپنی ٹیم کو جتوانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندر کے کافی جگہوں پر سپورٹرز ہیں،ملتان کے شائقین نے بھی ہمیشہ محبت دی ہے، لاہور قلندرز اور ملتان سلطان کے پہلے میچ میں شہر اولیاء کے لوگ دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ انجری کھیل کا حصہ ہے، میرا گول کرکٹ کھیلنا اور اپنی ٹیم کو اچھی پرفارمنس دینا ہے۔
فاسٹ بارلر شاہین شاہ آفریدی نے پچ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پچ تو ابھی دیکھی نہیں،دو دن تک تو پچ کا پتہ ہی نہیں چلتا،امید ہے کہ پچ اچھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سلطان کے ٹاپ آرڈرز کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے،پی ایس ایل اس سیزن میں اپنی ٹیم سے بہت اچھی امیدیں ہیں۔
علاوہ ازیں ملتان سلطان کے کپتان و قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بیٹسمین محمد رضوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی اور حارث رؤف ورلڈ کلاس باؤلرزہیں،ہم نے ان کیخلاف حکمت عملی بنائی ہے،ملتان کے شائقین کی محبت شاید ہماری ٹیم کے لیے زیادہ ہوگی۔محمد رضوان نے کہاکہ فلائٹ کے ایشو کی وجہ سے بہت سے کھلاڑی نہیں آسکے۔انہوں نے کہا کہ ٹوئنٹی فارمیٹ میں غلطیوں کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے،میچ میں ڈیو فیکٹر بھی اہم ہے،جو بہادری کیساتھ کھیلے گا وہ جیتے گا۔
ایک سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ مجھے کون ٹف ٹائم دے سکتا ہے یہ ٹورنامنٹ کے بعد بتاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کو کافی اچھے پلیئرز مل رہے ہیں،اس ٹورنامنٹ میں کھیل کر انٹرنیشنل لیول کا تجربہ ملتا ہے،احسان اللہ اچھی باؤلنگ کررہا ہے، ہمیں دوسرا حارث مل سکتا ہے،ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی اچھی پرفارمنس کا کریڈیٹ پی ایس ایل کو جاتا ہے،امید ہے آئندہ بھی پی ایس ایل سے پلیئرز پاکستان کو ملیں گے۔