بہاولنگر،11 فروری( اے پی پی):چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کی رنگا رنگ تقریب تاریخی جام گڑھ قلعہ میں منعقد ہوئی ۔تقریب میں مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے پی ٹی شو ، صوفیانہ کلام، علاقائی رقص ،قوالی ،فوک نغمے ،جوڈوکراٹے کا بہترین مظاہرہ پیش کیا جبکہ اونٹ اور گھوڑوں کے رقص نے شائقین کو بیحد محظوظ کیا
چولستان جیپ ریلی قلعہ جام گڑھ فورٹ عباس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس بہاولنگرکی طرف سے ایک شاندار سپورٹس پروگرام ترتیب دیا گیا جس میں والی بال ، رگبی ،کبڈی اور رسہ کشی کے جاندار اور دلچسپ مقابلہ جات ہوئے ان میچزکو تماشائیوں کی کثیر تعداد نے دیکھا اور کھلاڑیوں کودل کھول کر داد دی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنربہاول نگر سلمان خان لودھی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس احمد سلیم چشتی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ اسسٹنٹ کمشنرز،سرکاری افسران اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
ڈپٹی کمشنر بہاول نگر سلمان خان لودھی کا کہنا تھا کہ جیپ ریلی کا انٹرنیشنل ایونٹ چولستان اور ضلع کی ثقافت اور پہچان کو بہترین انداز میں متعارف کروانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے اور اس ایونٹ میں لوگوں کی بھرپور دلچسپی سے معاشی و ثقافتی سرگرمیوں کو پنپنے کا موقع ملے گا۔