نہتے کشمیری7دہائیوں سے  غاضبانہ ہندوستانی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر کا ہر لمحہ کربلا ہے؛ مشعال  ملک

17

راولپنڈی،11فروری(اے پی پی):کشمیری حریت رہنمااورجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال یاسین ملک نے کہا ہے کہ  نہتے کشمیری 7 دہائیوں سےغاضبانہ ہندوستانی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر کا ہر لمحہ کربلا ہے، بھارت 50 لاکھ بھارتیوں کو شناخت دے کر مقبوضہ وادی کو منی انڈیا بنانے کی سازش کررہا ہے، کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر ظلم و بربریت پر خاموشی عالمی برادری کے لئے سوالیہ نشان ہے، ہندوستان کشمیر میں دہشتگردی کر رہا ہے اور اسکو کوئی روکنے والا نہیں،کشمیری رہنما مقبول بٹ کو پھانسی دی گئی جبکہ انکے خلاف کوئی ثبوت بھی نہیں تھا ۔

یہ بات انہوں نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ گرلزکالج میں یوم یکجہتی کشمیر اور حریت رہنما ءمقبول بٹ کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مشعال یاسین ملک نے کہا کہ جس طرح راولپنڈی کالجز کی طلباءنے کشمیری عوام کو خراج تحسین اور اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ہے وہ قابل دید ہے ، مودی حکومت نے 5 اگست2019 کو غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات سے نہ صرف کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی سازش کی بلکہ پورے خطے میں انتشارکی بنیاد رکھ دی ہے، بھارت پچاس لاکھ بھارتیوں کو شناخت دے کر مقبوضہ وادی کو سمال انڈیا بنانے کی سازش کررہا ہے جس کی خطے میں مثال نہیں ملتی ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا قتل عام کیا جا رہا ہے ،10لاکھ سے زائد نہتے کشمیری غاضبانہ ہندوستانی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔

 مشعال  ملک نے کہا کہ شہید مقبول بٹ آج بھی تہاڑ جیل میں مدفون ہیں، ان کا جسد خاکی ان کے خاندان کو آج تک نہیں مل سکا ، سید علی گیلانی جیسے بڑے لیڈر کیساتھ جو کچھ ہوا سب کے سامنے ہے، ان کے جسد خاکی کی بے حرمتی کی گئی ، مقبوضہ کشمیر کا ہر لمحہ کربلا ہے، لاشوں کو درختوں سے لٹکا دیا جاتا ہے، لاشوں کی بے حرمتی کی جاتی ہے، کشمیر کے لوگوں کو اللہ کی مدد حاصل ہے،آج بھی کئی کشمیر کے رہنماو ں کا جسد خاکی کشمیر عوام کو نہیں دیا گیا۔

 انہوں نے کہا کہ آج بچیوں نے جس طرح کشمیر کاز کو اجاگر کیا وہ قابل ستائش ہے،تاریخ کے متنازعہ کرداروں کو ٹیبلو کے زریعے اجاگر کرنا انتہائی متاثر کن ہیں، تعلیمی اداروں کو پی این سی اے اور دیگر ثقافتی اداروں کے ساتھ مل کر اس طرز کے پروگرام ترتییب دینےجائیں۔