چین کے  ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری  کو  مزید  مضبوط کرنے  کے خواہاں ہیں؛وزیرِ اعظم   شہباز شریف 

4

اسلام آباد،1فروری  (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے  کہا ہے کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے پاکستان کی ہر اچھے برے حالات میں مدد کی، پاکستان اور چین کی سٹرٹیجک شراکت داری مثالی ہے اور پاکستان اسے مزید  مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری چینی حکومت اور عوام کی پاکستان سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنا  نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کے وفد  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ  کل کراچی میں چین کی شراکت سے تعمیر شدہ کے تھری نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح کریں گے ،  اس منصوبے سے کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ سے بجلی کی مجموعی پیداوار 2200 میگاواٹ ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین نے پاکستان میں بجلی کے شارٹ فال کو  کنٹرول  کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جس پر مجھ سمیت پوری قوم چین کی حکومت اور عوام کی شکر گزار ہے۔

ملاقات میں وزیرِاعظم کو چین کی پاکستان میں نیوکلیئر انرجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر بریفنگ دی گئی۔  وفد نے وزیرِ اعظم کی کے تھری  کی تکمیل کیلئے ذاتی دلچسپی اور کوششوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

ملاقات میں وائس چیئرمین چائنا  اٹامک انرجی اتھارٹی (سی اے ای اے ) لیو جنگ ، پاکستان میں چینی سفارتخانہ کی ناظم المور پانگ چُن شوئی  اور متعلقہ  اعلیٰ چینی حکام  نے  شرکت کی جبکہ  وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال، انجینئر خرم دستگیر، معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، طارق باجوہ اور متعلقہ حکام بھی ملاقات میں  موجود تھے۔