ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس

26

اسلام آباد،6فروری(اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی زیر صدارت پیر کی شام منعقد ہوا۔ ایوان میں سابق صدر پرویز مشرف کی وفات اور ترکیہ، شام اور لبنان میں آنے والے ہولناک زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

 اجلاس کی کارروائی کے آغاز میں ہی ایجنڈا آئٹم پر بات چیت سے قبل مولانا ابوبکر نے پرویز مشرف کی وفات پر بخشش کیلئے دعا کرائی۔ انہوں نے ترکیہ، شام اور لبنان میں آنے والے تباہ کن زلزلہ کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ زلزلہ سے متاثرہ خاندانوں اور ترکیہ، شام اور لبنان کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

رکن قومی اسمبلی  شاہدہ رحمانی نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے اور ان کیمرہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔

قومی اسمبلی کے اراکین نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں بچی کے ساتھ زیادتی کے واقعہ کی مذمت کی ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر نے آئی جی اسلام آباد سے 24 گھنٹے اندر اندر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

قومی اسمبلی نے تجارتی تنازعات بل 2022 کی منظوری دیدی۔ وزیرمملکت برائے قانون شہادت اعوان نے اس حوالہ سے بل ایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے بل ایوان میں پیش کیا۔ بعدازاں ایوان نے بل کی شق وار منظوری دیدی گئی ۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں کئی اراکین نے نکتہ ہائے اعتراض پر مختلف مسائل اور امور پر بحث کی۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کی کارروائی 9 فروری جمعرات صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔