کیلاش آئیس اینڈ سنو تہوار اختتام پذیر،دو سو سے زائد مقامی افراد کو سرمائی کھیلوں کی تربیت دی گئی

11

چترال،09فروری(اے پی پی):وادی کیلاش بمبوریت میں ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے زیر اہتمام سرمائی کھیلوں کا  میلہ اختتام پذیر ہو گیا ہے، میلہ تین دن تک جاری رہا۔

کیلاش آئیس اینڈ سنو تہوار میں دو سو سے زیادہ لڑکوں اور لڑکیوں کو  سرمائی کھیلوں کی تربیت بھی دی گئی۔

سرمائی کھیلوں کے اس تہوار میں  ضلع اپر چترال سے بھی بچوں اور بچیوں نے حصہ لیکر اس سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ تین روزہ کیلاش آئیس اینڈ سنو  تہوار کے دوران سنو سکینگ، آئیس ہاکی کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ برف پوش میدان پر کبڈی اور ایک پاؤں سے دوڑ کے مقابلے بھی ہوئے۔

 وادی کیلاش کے برف پوش میدان اور یح بستہ موسم میں اس قسم کے کھیلوں سے  موسم سرما میں بھی  سیاحت فروغ پائے گی جس سے  اس پسماندہ علاقے کے لوگوں کی معیشت پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔سرمائی کھیلوں کے اس تہوار کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں سیاح وادی کیلاش آئے تھے۔