لاہور۔22فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے بدھ کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب اور قمر زمان کائرہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے آئینی عہدوں پر بیٹھے افراد آئین اور قانون کی خلاف ورزی کے بار بار مرتکب ہوئے اور اب بھی ہو رہے ہیں۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی میں ہی سب کی بھلائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو ملک کی معاشی صورتحال پر متحد ہونے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے میثاق معیشت ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جس طرح محنت اور لگن کے ساتھ کام کررہی ہے انشا اللہ بہت جلد ملکی معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بھی استحکام آئے گا۔بلیغ الرحمن نے کہا کہ اس وقت انتشار کی سیاست کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست نہ صرف ملکی معاشی ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ ملکی سالمیت کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک کو معاشی صورتحال سے نکالنے کے لیے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے جس کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کو ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد میں ایک پیج پر آنا چاہئے۔