آئی جی پی کا خیبرپختونخواپولیس فورس کے اہلکاروں کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان

16

پشاور،17مارچ(اےپی پی ):آئی جی پی اختر حیات خان نے خیبرپختونخواپولیس فورس کے اہلکاروں کے لئے تعلیم،صحت عامہ،بیواﺅں اور بچیوں کی شادیوں کے لئے بڑے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

اپنے پیغام میں آئی جی پی اختر حیات خان نے کہا کہ کانسٹیبلان کی تدفین کے چارجز 30 ہزار سے بڑھا کر 50ہزار کردیئے،دس سال سے کم نوکری والے اہلکاروں کی بیواﺅں کو ملنے والی ماہانہ رقم 7ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کردی گئی۔انہوں نے کہا کہ   بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔تمام اہلکاروں کو پہلی بیٹی کی شادی پر ملنے والی برائیڈل گفٹ کی رقم 30ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دی گئی جبکہ صحت عامہ کے شعبے میں اُٹھائے گئے اقدامات کیا گئے۔

انہوں نے کہا کہ فورس کے اہلکاروں کو اوپن ہارٹ سرجری کے لئے ویلفیئر سے 3لاکھ روپے فوری ادا کیئے جائیں گے،      اہلکاروں کے والدین، بیوی اور بچوں کی اوپن ہارٹ سرجری کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ   کینسر کی مرض میں مبتلاایسے اہلکاران جن کا مرض ابتدائی مرحلے میں ہو ان کو اور اسی علاج کے لئے ان کے والدین،بیوی اور بچوں کے لئے ایک لاکھ روپے ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریض ایسے اہلکاران جن کا مرض اگلے مراحل میں ہو ان کو 5لاکھ روپے ملیں گے جبکہ ان کے والدین،بیوی اور بچوں کو اسی علاج کے لئے ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے۔

آئی جی پی اختر حیات خان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو کڈنی ٹرانسپلانٹ کے لیے دس لاکھ روپے ملیں گےجبکہ ان کے والدین ، بیوی اور بچوں کو اسی علاج کے لئے 7لاکھ روپے دئیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کو لیورٹرانسپلانٹ کے لیے بھی دس لاکھ روپے، جبکہ ان کے والدین، بیوی اور بچوں کے لیورٹرانسپلانٹ کے لیے 7لاکھ روپے ملیں گے۔

آئی جی پی اختر حیات خان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لئے دس لاکھ روپے جبکہ ان کے والدین،بیوی اور بچوں کو اسی علاج کے لئے 7لاکھ روپے دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروںاور ان کے والدین،بیوی اور بچوں کو تھیلیسیمیا کے علاج کے لیے ماہانہ 30 ہزار روپے ویلفیئر سے ملیں گے۔

آئی جی پی اختر حیات خان نے کہا کہ      بم دھماکوں ،ٹریفک اور دیگر حادثات میں زخمی ہونے والے اہلکاروں ان کے والدین، بیوی اور بچوں کو ایک ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیا  گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبے اور ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں پولیس کے بچوں کو میرٹ اور اہلیت پر داخلے ملیں گے،صوبے کے معیاری تعلیمی اداروں جیسے خیبر میڈیکل کالج پشاور، ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ،غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ صوابی، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور وغیرہ اور ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں لمزلاہور، آغا خان یونیورسٹی کراچی اور نسٹ اسلام آباد وغیرہ میں ٹیوشن اور رجسٹریشن فیس محکمہ پولیس کی ویلفیئر سے ادا کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس ، جوڈیشل امتحانات اور پی ایم ایس کے امتحانات کوالیفائی کرنے والے پولیس کے بچوں کو 3لاکھ روپے کاآئی جی پی میرٹ سرٹیفیکیٹ دیا جائیگا۔

آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کے ہر بچے کی کامیابی محکمہ پولیس کی کامیابی تصور کی جائیگی اور پوری پولیس ان پر برابر فخر کرے گی،پولیس فورس ایک خاندان کی مانند ہیں سب کی ویلفیئر مجھے اپنے بچوں کی طرح عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی ویلفیئر کے لیے یہ اقدامات ہماری کوششوں کا آغاز ہے، جس طرح خیبر پختونخوا پولیس قربانیوں میں پہلی نمبر پر ہے، اسی طرح ان کی ویلفیئر کو بھی سب کے لیے رول ماڈل بنائیں گے۔