سیالکوٹ، جشن بہاراں کی  تقریب  اختتام پذیر،شہریوں کی تفریح کے لیے آئندہ بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا رہے گا،ڈپٹی کمشنر

15

سیالکوٹ،17مارچ(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پرمنعقدجشن بہاراں کی تقریب  اختتام  پذیر  ہوگئی ۔ یہ تقریب پائلٹ ہائی اسکول گراؤنڈ میں منعقد ہوئی  جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان تھے  جس میں  ڈی پی او سید ذیشان رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال  سمیت  سرکاری افسران، فیملیز نے بھرپور شرکت کی ۔ اس موقع پر نامور فنکاروں شیر میاں داد قوال، امانت علی کے ساتھ مقامی گلوکاروں، بھنگڑا پارٹیز نے فن کا مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا اور دل کھول کر داد دیتے رہے۔ شرکاء نے جشن بہاراں اور مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے  لگائے گئے سٹالز میں بھی بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے تقریب میں شرکت کرنے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور آرگنائزنگ ٹیم کے سربراہ اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال، کاشف نواز اسسٹنٹ کمشنرز غلام سرور، اسما خلیل، قمر محمود منج، احسن ممتاز کو شیلڈز دیں۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ شرکاء نے جس جوش و خروش اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے، شہریوں کی تفریح کے لیے آئندہ بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔