وزیراعلیٰ پنجاب کا گوجرانوالہ میں مفت آٹے کے 24 گھنٹے اوپن سیل پوائنٹس کا اچانک دورہ

1

نوشہرہ ورکاں 24مارچ  (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے گوجرانوالہ میں مفت آٹے کے 24 گھنٹے اوپن سیل پوائنٹس کا اچانک دورہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سیل پوائنٹس پر موجود مرد و خواتین سے آٹے کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا، آٹا لینے والے مرد و خواتین نے وفاقی و پنجاب حکومت کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کو سراہا اور وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تصدیق سے آٹا تھیلا ملنے تک صرف 2 منٹ لگے ، سیل پوائنٹ پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اورہم اس مفت آٹے کے خصوصی پیکیج سے بہت خوش ہیں۔ وزیر اعلیٰ  نے سیل پوائنٹس پر موجود مرد و خواتین سے آٹے کی تقسیم کے حوالے سے مسائل بارے دریافت کیا،بعض شہریوں نے شناختی کارڈز کی تصدیق نہ ہونے کے بارے میں شکایات کیں۔

 وزیراعلیٰ  نے شہریوں سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے اپنا اندراج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرایا ہے جس پر اکثر شہریوں نے کہا کہ ہمارا اندراج بے نظیر انکم سپورٹ پر نہیں ہوا۔وزیراعلیٰ  نے کہا کہ شہری پہلے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنا اندراج کرائیں تاکہ انہیں مفت آٹے کے سیل پوائنٹ پر کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

وزیر اعلیٰ  نے اپنے سٹاف کو سیل پوائنٹس پر موجود شہریوں کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی، سیل پوائنٹس پرموجود عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو اچھے طریقے سے گائیڈ کیا جائے اورسیل پوائنٹس کے عملے نے سسٹم سلو ہونے کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال گوجرانوالہ کے ٹراما سینٹر کااچانک دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ  نے ایمرجنسی کیلئے نئی عمارت کی تعمیرکااعلان کیا، ٹراما سینٹرمیں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا، آئی سی یومیں وینٹی لیٹرز بیڈز کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی بعدازاں تھانہ اروپ کی حدود میں زیادتی کا نشانہ بننے والی ماں بیٹی کی رہائشگاہ پہنچے،ماں بیٹی سے ہمدردی کااظہار کیا اوران کیلئے 10لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور آپ کی ہرممکن مدد کی جائیگی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،گوجرانوالہ کے آر پی او،کمشنر،سی پی او اورڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پرموجود تھے۔