پی ٹی آئی نے لندن میں جلوس نکال کر پاک فوج کیخلاف ہرزہ سرائی کی؛صاحبزادہ حافظ محمد امجد

4

فیصل آباد،21 مارچ (اے پی پی): جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) علماء و مشائخ ونگ پنجاب صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے لندن میں جلوس نکال کر پاک فوج کیخلاف جو ہرزہ سرائی کی ہے ہم اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ مظاہرہ عمران خان کے ایما پر کیا گیا ہے۔

وہ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کیخلاف جو عالمی قوتیں ففتھ جنریشن وار کے ذریعے حملہ آور ہیں یہاں اس کا ایک ٹریلر نظر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت عرصہ سے یہ کہ رہے تھے کہ تحریک انصاف پاکستان کے آئین، قانون اور اداروں کیخلاف کام کر رہی ہے اور آج پوری پاکستانی قوم نے یہ دیکھا کہ لندن میں جہاں انڈین نژاد برطانوی وزیر اعظم رہائش پذیر ہے اس کے دفتر کے باہر پاک فوج کو جس طرح گالیاں دی گئی ہیں اور پاک فوج کیخلاف جس طرح نفرت انگیز گفتگو کی گئی ہے یہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی نہیں کر سکتا۔

صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ لوگوں کے د ل پاک فوج کیلئے دھڑکتے ہیں، ہمارے دلوں میں پاک فوج کیلئے محبت اور احترام کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر پاک فوج کیخلاف جو نفرت انگیز مواد پھیلانا شروع کیا ہے ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تحریک انصاف کے فاشسٹ لیڈر عمران خان کو پابند سلاسل کیا جائے اور تحریک انصاف کو کالعدم قرار دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے آئین اور قانون کو نہیں مانتے، وہی جماعت پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق وزیر اعظم بننا چاہتی ہے۔

صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہ پاک فوج پاکستانی عوام کے دلوں کی دھڑکن اور ماتھے کا جھومر ہے اور پاکستان کی بقا اور سلامتی کی ضامن ہے۔ پاکستان کے عوام فوج کیخلاف سازش کو پاکستان کیخلاف سازش سمجھتے ہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ غیر ملکی قوتیں عوام اور فوج کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور یہ کوشش تحریک انصاف کے ذریعے کی جارہی ہے اس جماعت پر پابندی لگائی جائے اور تحریک انصاف کے ملک دشمن بیانات کو سوشل میڈیا پر چلانے پر پابندی لگا ئی جائے۔