گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں ٹیوٹا کے تعاون سے سکل کمپیٹیشن تقریب کا انعقاد

2

فیصل آباد  21,  مارچ (اے پی پی):گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں ٹیوٹا کے تعاون سے سکل کمپیٹیشن اور انعامات کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی صدر ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ (ٹیوٹا) فیصل آباد اینڈ چنیوٹ انجینئر عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہذا کے بچوں نے اپنے تمام پراجیکٹس جن کو تقریب میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے اپنے ہاتھوں سے تیار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہم بچوں کے ویژن کو جو انکے پراجیکٹس کا خاصہ ہے اجاگر کرنا چاہتے ہیں تاکہ بچے آنے والے وقت میں انٹر پینور بنیں اور جاب مارکیٹ میں یہ نوکریاں لینے والے نہیں بلکہ نوکریاں دینے والے بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے سکل کمپیٹیشن کا آغاز سالانہ کی بنیاد پر کروایا جائے گا تاکہ بچوں کو اپنے پراجیکٹس اور اپنی مہارتیں پیش کرنے کا نمایاں موقع مل سکے۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ بچوں نے فیوچر میں اپنا مستقبل سنوارنے کیلئے اپنے رستے خود ہموا ر کرنے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائر یکٹر ٹیوٹا فیصل آباد اینڈ چنیوٹ عابد حسین چوہدری نے کہا کہ گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ دھوبی گھاٹ میں بہت سے کورسز کروائے جا رہے ہیں جن میں میٹر ک کے بعد کروائے جانے والے 2 سالہ کورسز میں الیکٹریشن، الیکٹرانک ایپلیکیشن ، سول ڈرا فٹسمین، مشینسٹ، ویلڈنگ، آٹو میٹک کے کورسز شامل ہیں۔اسی طرح ایک سالہ کورسز میں ریفریجریشن ایند ایئر کنڈیشنڈ، کمپیوٹر آپریٹر، کمپیوٹر ہارڈویئر کے کورسز کروائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 ماہ کے کورسز میں آ ٹو کیڈ، کمپیوٹر ایپلیکیشن اور ویب ڈیزا ئن کے کورسز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے ویب ڈیزا ئننگ اور فری لانسنگ کورسز کی کلاسز بھی شروع کی جا رہی ہیں کیونکہ ان کورسز کا ملکی اور غیر ملکی سطح پر بہت سکوپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ہم نصابی سر گر میاں بھی کروائی جاتی ہیں اور ان کی تربیت کے ساتھ ساتھ کیر ئیر کونسلنگ بھی کی جاتی ہے تاکہ مستقبل کے میدان میں ہمارے ادارہ کے بچے کسی بھی قسم کی ہچکچاہٹ کا شکار نہ ہوں۔ آخر میں ٹریڈ کے سبجیکٹ میں واٹر ڈسپینسر ہاٹ اینڈ کول پراجیکٹ میں بچوں کو پہلی پوزیشن دی گئی جبکہ دوسری پوزیشن الیکٹرک کے سبجیکٹ سکیورٹی اینڈ رین الارمنگ سسٹم بنانے والے بچوں نے حاصل کی جبکہ تیسر ی پوزیشن الیکٹرک کے سبجیکٹ میں ہی کنٹرول آف تھری فیز ملٹی پوائنٹ پراجیکٹ بنانے والے بچوں نے حاصل کی۔تقریب میں ہم نصابی سر گرمیوں میں حصہ لینے والی کرکٹ، رسہ کشی اور بیڈمنٹن کی ٹیموں کو بھی ٹرافیاں دی گئیں۔ تقریب کے آخر میں بیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ دلدار انجم نے حاصل کیا۔   گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں سکل کمپیٹیشن تقریب میں گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل سعید احمد اور ایم سی ہائی سکول کوتوالی روڈ کے پرنسپل راؤ اقبال نے بھی خصوصی شرکت کی۔