کراچی ،20مارچ (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے ، اگر آبادی پر قابو نہ پایا گیا تو 2050 تک پاکستان کی آبادی 36 کروڑ ہوجائے گی ۔
وہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینیجمنٹ ( آئی بی ایم ) کے زیراہتمام پاپولیشن ریسرچ کانفرنس 2023 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہی تھیں ۔ خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ آبادی میں ہوشربا اضافے سے پاکستان کو بڑے چیلنج کا سامنا ہے ، آبادی میں اضافے کے نتیجے میں شہروں پر دبائو بڑھ رہا ہے ، وسائل کی کمی اور وسائل کی غیر مساوی تقسیم جیسے آبادیاتی چیلنجز جنم لےرہے ہیں جس سے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کی صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے والوں کو تعلیم، خوراک، رہائش اور صحت کی مناسب سہولیات تک رسائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقے کی خواتین میں مانع حمل کی گولیوں بارے آگاہی نہیں ہے اور ملک کے کچھ حصوں میں رسائی مشکل ہے۔
خاتون اول نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنا کر اور بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرکے زیادہ آبادی کی وجہ سے پیدا ہونے والے سماجی اور معاشی تناؤ کو جزوی طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں آبادی میں اضافے کے اہم موضوع پر کام کرنے پر آئی بی ایم کو سراہتے ہوئے انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام کیا اور انتظامیہ سے کہا کہ تحقیق کے نتائج متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیے جائیں تاکہ اس مسئلے کے حل کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے جا سکیں۔