اوکاڑہ،27مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ ضلع میں سپیشل رمضان پیکج کے تحت اہل لوگوں کو تین آٹے کے تھیلے فراہم کرنے کا عمل 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گا،آٹا حاصل کرنے کے اہل افراد اطمینان اور آسانی سے جب چاہیں آٹا حاصل کر سکتے ہیں۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے تینوں تحصیلوں میں قائم مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نےکہا کہ جو لوگ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ہیں اور نادرا آفس سے بھی ان کے کم آمدنی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی وہ بلا وجہ مفت آٹا پوائنٹ پرنہ آئیں صرف اہل ہونے کی صورت میں ان کو آٹا فراہم کیا جائے گا ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مفت آٹا فراہمی کے پوائنٹس پر لوگوں کی آسانی ،سہولت اور رہنمائی کے لئے کاوَنٹرز بنا دئیے گئے ہیں تاکہ کسی کو آٹا کے حصول میں مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پرڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر نے بتایا کہ اب تک ضلع میں سپیشل رمضان پیکج کے تحت اہل افراد میں 2 لاکھ 70 ہزار10کلو گرام آٹے کے تھیلے تقسیم کئے جا چکے ہیں اور لوگوں کو بلاتعطل آٹے کی فراہمی جاری ہے۔