اوکاڑہ،20مارچ(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے پنجاب حکومت کی جانب سے محروم معیشت لوگوں کو خصوصی رمضان ریلیف پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے لئے قائم کئے گئے آٹا سینٹروں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مفت آٹا تقسیم کئے جانے کے سلسلہ میں سکینگ کاوَنٹر میں لوگوں کے بیٹھنے کے انتظامات، پانی کی دستیابی اور سکیو رٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے آٹا پوائنٹس کے انچارج افسران کو ہدایت کی کہ آٹا پوائنٹس پر شناختی کارڈ کی سکینگ کے لئے اچھے اور معیار ی اینڈرائید فون استعمال کئے جائیں تاکہ سکینگ کا عمل جلد مکمل ہو اور آنے والے افراد کو جلد آٹا دے کر وہاں سے رخصت کیا جا سکے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو ہدایت کی کہ کسی بھی آٹا پوائنٹ پر آٹا کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے فیصل آباد روڈ پاک میرج ہال ،وائٹ پیلس میرج ہال ،تحصیل دیپالپور سپورٹس سٹیڈیم کمپلیکس میں بھی آٹا فراہمی کے پوائنٹ کا دورہ کیا اور انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو صورت حال کے مطابق بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایت کی۔