اٹک؛ ڈپٹی کمشنر کا گورنمنٹ ایم سی بوائزسکول میں داخلہ مہم 2023 کا افتتاح

8

 

اٹک،22 مارچ (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے ایم سی بوائزسکول اٹک میں داخلہ مہم 2023 کا افتتاح کر دیا ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سی ای او ایجوکیشن اٹک ملک محسن عباس،ڈی ای او سکینڈری اکرم ضیاء،ڈی ای او ایلمنٹری تقی شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ داخلہ مہم 2023 میں پانچ سے چودہ سال تک کے6778 بچوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو ابھی تک کسی سکول میں داخل نہیں ہوئے۔اس ہدف کے حصول کے لیے محکمہ تعلیم اور دیگر اسٹیک ہولڈرز اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک راٶ عاطف رضا نے کہا کہ اس ملک کی ترقی صرف اور صرف تعلیم کے حصول کے ذریعے ہی ممکن ہے۔تعلیم ہی ہماری بقا اور سلامتی کی ضمانت ہے۔انہوں نے تمام اساتذہ پرزوردیاکہ وہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں تمام طلبہ و طالبات کی شرکت یقینی بنائیں۔انہیں جدید علوم سے روشناس کروائیں جس میں سائنس اور آئی ٹی شامل ہیں۔اساتذہ کوچاہیے کہ وہ روایتی طریقہ کار سے ہٹ کرجدید خطوط پر درس و تدریس کے طریقہ کار کو استوار کریں تاکہ طلباء و طالبات جدید زمانے کے مطابق چل سکیں۔

ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ بھی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے  کہا کہ حالیہ داخلہ مہم میں محکمہ تعلیم اٹک اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

بعد ازاں انہوں نے داخلہ مہم2023کاافتتاح کیا۔تقریب سے سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس،ڈی ای او سکینڈری اکرم ضیاء اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔