بی آئی ایس پی بورڈکی مستحقین کے لیے ادائیگی کے نئے ماڈل کی منظوری

4

 کراچی، 21 مارچ (اے پی پی): بی آئی ایس پی بورڈنے مستحقین کے لیے ادائیگی کے نئے ماڈل کی منظوری دے دی ۔بے نظیر کفالت کے مستحقین جلد ہی اپنی پسند کے بینکوں میں کھاتہ کھول کر سہ ماہی ادائیگیاں حاصل کر سکیں گے۔

اس بات کا فیصلہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 58ویں بورڈ اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری نے کی۔بورڈ نے ادائیگی کے ایک نئے ماڈل کو شروع کرنے کی منظوری دے دی جس کے تحت نقد امداد براہ راست مستفید افراد کو ان کے بینک کھاتوں کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔ اس نئے پیمنٹ ماڈل کا پائلٹ ملک کے چار منتخب اضلاع میں متعارف کرایا جائے گا۔پائلٹ کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں استفادہ کنندگان اپنی پسند کے بینکوں میں اپنے کھاتے کھول سکیں گے۔

بی آئی ایس پی بورڈ نے بی آئی ایس پی مستحقین کو دیے جانے والے وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کرنے کے لیے انڈیکسیشن کمیٹی کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ اضافے کے بعد سہ ماہی وظیفہ 7000 سے بڑھ کر 8750 روپے ہو جائے گا۔

بورڈ نے بلوچستان اور دیگر دور دراز علاقوں میں لوگوں کی رجسٹریشن کے لیے موبائل یونٹس کے استعمال کی تجویز کی بھی منظوری دی جہاں لوگوں کے لیے بی آئی ایس پی مراکز تک پہنچنا مشکل تھا۔ اراکین کا خیال تھا کہ صوبے کے جغرافیائی پہلو کے پیش نظر بلوچستان پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

چیئرمین نادرا طارق ملک جو کہ اجلاس میں بھی شریک تھے،سے کہا گیا کہ وہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو شناختی کارڈ بنانے میں مدد کے لیے اضافی کوششیں کریں۔

بی آئی ایس پی بورڈ کو بتایا گیا کہ نیشنل سوشل اکنامک رجسٹری (این ایس ای آر) کی متحرک رجسٹریشن کے نئے عمل کے تحت ملک بھر میں بی آئی ایس پی کے تحصیل دفاتر میں 575 مراکز کام کر رہے ہیں۔ بورڈ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ کام کرکے تجربہ حاصل کرنے کا ارادہ رکھنے والے یونیورسٹیوں کے نئے گریجویٹس کے لیے ایک انٹرن شپ پروگرام کی منظوری دی۔

اجلاس میں بورڈ ممبران ڈاکٹر اشفاق حسن خان، ڈاکٹر قیصر بنگالی، ثانیہ رفعت، سیکرٹری بی آئی ایس پی یوسف خان اور سیکرٹری پی اے اینڈ ایس ایس غفران میمن نے شرکت کی جبکہ بورڈ ممبران حارث غضدار، چیئرمین نادرا، ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ثمر احسان اور دیگر نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ (اخراجات) عامر محمود نے زوم لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔