تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج کی مانیٹرنگ،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی  بہاولپور پہنچ گئے،عوام کے مسائل سنے

12

لاہور،30مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج کی مانیٹرنگ کیلئےنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے مسلسل دورے جاری ہیں۔محسن نقوی نے جمعرات کو بہاولپورمیں مفت  آٹا   سنٹر زکے دورے کئے۔انہوں  نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی اور گورنمنٹ عباسیہ ہائی سکول میں قائم سنٹرز کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلیٰ  محسن نقوی نے مرد و خواتین سے سنٹرز پر انتظامات اور آٹے کی فراہمی کے بارے میں پوچھا۔ انہوں  نے قطاروں میں کھڑے مرد و خواتین سے گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے۔وزیر اعلی نے شکایات کے فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔انہوں نے شہریوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے اہل افراد میں آٹے کے تھیلوں کی تقسیم کا جائزہ لیا۔انہوں نے بعض مرد وخواتین کی اہلیت کے حوالے سے خود شناختی کارڈز کی تصدیق کرائی۔انہوں نے تصدیق کے بعد شہریوں کو آٹا جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ شہریوں کو سنٹرز پر بلاوجہ انتظار نہ کرایا جائے،بزرگ شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر آٹا دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بہاولپور میں سنٹرز پر اچھے انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے،مرد اور خواتین قطاروں میں اپنی باری پر آٹے کا تھیلا لے رہے ہیں، تصدیق کے حوالے سے ایشوز کو نادرا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مل کر حل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی و پنجاب حکومت کے اس تاریخی پیکیج سے عوام کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے اورمسلسل مانیٹرنگ سے صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔

کمشنر بہاولپور ڈویژن، آر پی او بہاولپور، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی اس موقع پر موجود تھے۔