ملتان۔7مارچ (اے پی پی):ایم ڈی اے کی جاری ترقیاتی سکیموں کے باقی ماندہ کام جلد مکمل کئے جائیں۔ ملتان شہر کی خوبصورتی اور سڑکوں کی کشادگی کے لئے ڈیزائن تیار کئے جائیں۔ایم ڈی اے ہیڈ آفس کی بلڈنگ میں سولر پینل کی انسٹالیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ ملتان شہر کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک مسائل پیدا ہونے سے پہلے ہی سڑکوں کی کشادگی کے لئے تجاویز تیا کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے محمد زاہد اکرام نے ایم ڈی اے انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کی بریفنگ کے دوران کیا۔بریفنگ میں ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے زاہد اکرام کو بتایا گیا کہ ایم ڈی اے کے جاری ترقیاتی کاموں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ڈائریکٹر انجینئرنگ نے فاطمہ جناح ہاوسنگ سکیم کے بارے میں بریف کرتے ہوئے بتایا کہ کالونی کے 95 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں اور آباد کاری کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے زاہد اکرام نے ڈائریکٹر انجینئرنگ رانا وسیم کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی اے کے جاری پروجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ شہر میں روڈز کی تعمیر کے دوران واسا سے متعلقہ پیش آنے والے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو لیٹرز جاری کئے جائیں۔واسا و دیگر محکموں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے ترقیاتی سکیموں پر کام کیا جائے تاکہ بنائی ہوئی روڈ کو دوسری بار نہ توڑا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے مالی سال کے لئے نئی ADP سکیموں کے لئے تجاویز تیار کر کے گورنمنٹ کو بھجوائی جائیں۔ مختلف چوکوں اور شاہراہوں کو سگنل فری بنانے کے لئے فلائی اوور اور انڈر پاس بنانے کے لئے سفارشات تیار کی جائیں۔ایم ڈی اے کی آمدن میں اضافہ کرنے کے لئے سفارشات تیار کی جائیں۔