جلال پور؛سی پی او اور ڈپٹی کمشنر کا دورہ ،آٹا پوائنٹ پر سہولیات کا جائزہ لیا

39

جلال پورپیروالا،29 مارچ (اے پی پی ): سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر کے ہمراہ جلال پور میں مفت آٹے کی  تقسیم کے  پوائنٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی، آٹے کی تقسیم کے طریقہ کار اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 سی پی او ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان نے اس موقع پر آٹے کے حصول کے لیے موجود شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے سیکیورٹی پر مامور پولیس افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ  آٹا پوائنٹ پر بزرگ شہریوں اور معذور افراد کی مدد کی جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر میں مفت آٹا پوائنٹس پر پولیس کی جانب سے شہریوں کو عزت و وقار کے ساتھ آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پولیس کے ساتھ مل کر پوری طرح متحرک ہے اور آٹے کی فراہمی کے دوران شہریوں کی سہولیات کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ اس دوران کسی قسم کی بدنظمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اس دوران نظم و ضبط کا خیال رکھیں ۔