اٹک،23 مارچ(اے پی پی): نگران صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصرنےکہاہےکہ حکومت پنجاب رمضان المبارک میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنےکےلیےہرممکن اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار فری آٹا پوائنٹ کااچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ان کے ہمراہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک رائوعاطف رضا،اےڈی سی آر وقاص اسلم مارتھ،اسسٹنٹ کمشنر اٹک شگفتہ جبیں اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔
نگران صوبائی وزیرنے فری آٹاسیل پوائنٹ کاتفصیلی دورہ کیا۔متعلقہ افسران نے انہیں تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ فری آٹا سیل پوائنٹ پر مستحق افراد کو مفت آٹا فراہم کیاجارہاہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے وہاں پر موجود لوگوں سے بات چیت کی اور مفت آٹا تقسیم کے متعلق ان کے مسائل کے بارے میں پوچھا، پوائنٹ پر موجود عوام نے انہیں مفت آٹا تقسیم کے متعلق مسائل سے آگاہ کیا، جنہیں حل کرنے کی نگران صوبائی وزیر نے یقین دہانی کروائی۔
نگران صوبائی وزیر صحت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فری آٹا سیل پوائنٹ پر مستحق افراد کو کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
قبل ازیں نگران صوبائی وزیر صحت نے گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور ہسپتال کے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے ہسپتال کے آپریشنل امور کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ مختلف وارڈز کے دورے کے موقع پر انہوں نے مریضوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ان مسائل کےحل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ہسپتال کے دورے کے موقع پران کے ہمراہ ڈی سی اٹک رائوعاطف رضا،سی ای او ہیلتھ اٹک ڈاکٹر اسد اسماعیل،ایم ایس ڈاکٹر جواد الہی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔