دنیا کا سب سے لمبا چاول الخالد باسمتی کاشت کیلئے تیار،ملک کو خطیر زر مبادلہ کما کر دے گا؛چیف سائنٹسٹ محمد اشفاق انجم

7

 فیصل آباد،22 مارچ (اے پی پی): چیف سائنٹسٹ سائل سلینیٹی ریسرچ انسٹیٹیوٹ پنڈی بھٹیاں  محمد اشفاق انجم نے کہا ہے کہ  چاول کی نئی قسم الخالد باسمتی دنیا کا لمبا ترین چاول ہے جو کاشت کیلئے تیار ہے اور ملک کو کثیر زرمبادلہ کما کر دے گا۔

  محمد اشفاق انجم چیف سائنٹسٹ سائل سلینیٹی ریسرچ انسٹیٹیوٹ پنڈی بھٹیاں نے اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ سائنسدان خالد بھٹی نے اس ورائٹی کی تخلیق کیلئے 14 سے 15 سال کام کیا اور 2022 میں حتمی تجربات اور ٹیسٹنگ کے عمل سے گزرنے کے بعد انہوں نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا میں چاول کی ایسی ورائٹی تیار کرلی جسے دنیا کا سب سے لمبا ترین چاول کہنا غلط نہ ہو گا۔

محمد اشفاق انجم نے نئی ورائٹی الخالد باسمتی کی خصوصیات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ورائٹی میڈیم سلینٹی (درمیانے نمکیات) والی زمینوں میں بھی کاشت کی جا سکے گی، یہ فصل گرتی نہیں ہے ا ور مشینی کٹائی کیلئے بھی مدد گار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکی فی ایکڑ پیدوار 60 سے 70 من ہو گی اور چاول کی یہ قسم 1121 ورائٹی کے برعکس اروما کی بھی حامل ہے۔

چیف سائنٹسٹ نے بتایا کہ سندھ اور پنجاب اس ورائٹی کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں علاقے ہیں اور لوگ اضافی قیمت دے کر اسکوخرید رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخالد باسمتی کی باقاعدہ کاشت کیلئے بیچ کی تیاری پر تیزی سے کام جاری ہے تاہم قوی امید ہے کہ کاشتکاروں کو اسکا بیج یکم اپریل 2023 سے ملنا شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار مطلوبہ فی ایکڑ پیدوار حاصل کرنے کیلئے صرف اور صرف مقرر کردہ سرکاری مراکز سے ہی اس نئی ورائٹی کا بیج لیں۔