رحیم یار خان؛  مفت آٹا پوائنٹس پر پولیس کیجانب سے عوام کو سہولیات کی فراہمی جاری

7

رحیم یار خان،29 مارچ (اے پی پی ): ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی ہدایات و احکامات پر ضلع بھر میں مفت آٹا تقسیم پوائنٹس پر پولیس کی جانب  سے احسن اقدامات، عوام الناس کو عزت و وقار، نظم و نسق کے ساتھ آٹے کی فراہمی جاری ہے، بزرگ، معذور اور سپیشل افراد کی مدد کے لیے پولیس پیش پیش ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے ضلع بھر میں پولیس کو آٹا پوائنٹس پر عوام الناس کو سیکیورٹی و آٹے کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے آٹا پوائنٹس پر حسن سلوک کے ساتھ نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے آٹے کی سہولت کے ساتھ ترسیل کو آسان بنا دیا ہے جبکہ پولیس و ضلعی انتظامیہ نے آٹے کے حصول کے لیے آنے والے افراد کے لیے سائے اور بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات کر رکھے ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق سرکل پولیس افسران شہریوں کی سہولیات اور سیکیورٹی کو چیک کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، ایس ایچ اوز الالصبح سے ہی آٹا پوائنٹس پر موجود ہیں اور پولیس انسانی ہمدردی کے تحت بزرگ شہریوں، معذوروں اور سپیشل افراد کو آٹے کے حصول میں مدد فراہم کر رہی ہے۔

ڈی پی او  رضوان عمر گوندل ضلع بھر میں آٹے کی ترسیل پوائنٹس پر کڑی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔