سیالکوٹ۔13مارچ (اے پی پی):ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے ریسکیو سیالکوٹ کی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی کا آڈٹ کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریسکیو کی بہترین کارکردگی کے لیے تشخیص کا عمل لازمی ہے اور یہی ریسکیو کی کامیاب سروس کا ضامن ہے۔ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے ٹیم کے ہمراہ یہ دورہ ڈی جی/سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ستارہ امتیازڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر کیا ، جس کا مقصد ریسکیو سیالکوٹ کی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ آڈٹ ٹیم نے جولائی 2022 سے دسمبر 2022 تک کا ریسکیو سیالکوٹ کا پرفارمنس آڈٹ کیا، اس دوران ریسکیو وہیکلز کے سامان کی ورکنگ اور تعداد کو چیک کیا گیا ، اس کے علاوہ سٹور کی ڈیٹا انٹریز، اکائونٹ آفس اور ٹیکنیکل آفس کے ریکارڈ، کنٹرول روم کے ایمرجنسی ریکارڈ، فلڈ فائٹنگ کے آلات کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ نے کنٹرول کی کالز بھی سنیں، فیول لاگ بک اور رجسٹر کا بخوبی جائزہ لیا اور دستخط بھی کیے۔ اس موقع پر ریسکیورز کے چاق و چوبند دستے نے پریڈ کا عملی نمونہ بھی پیش کیا۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی کارکردگی کو سراہا اور ضروری ہدایات بھی دیں اور کہا کہ اسی جوش و جذبہ کے ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت اپنی تیاری کو مکمل رکھیں تا کہ ہم بہتر طور پر عوام الناس کو سہولیات فراہم کر سکیں۔