سیالکوٹ۔ 1 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ عدنان محمود اعوان نےسبزی منڈی کاعلی الصبح اچانک دورہ کیا اورٹماٹر کی نیلامی کی مانیٹرنگ کی ۔ ڈپٹی کمشنرعدنان محمود اعوان آج علی الصبح اچانک سبزی منڈی ایمن روڈ پہنچیں اوراپنی موجودگی میں ٹماٹر کی آکشن کروائی شفاف طریقہ سے نیلامی کروانے سے ٹماٹر کی فی گرام 40روپے قیمت کا تعین کیا گیا جو گذشتہ روز کی قیمت 53روپے فی کلوگرام سے 13روپے کم تھی۔
ڈپٹی کمشنرنے مذبحہ خانہ اور کمیلہ روڈکا بھی دورہ کیا اور صفائی اور سیور لائنوں کی صفائی کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کمیلہ روڈ پر لگی ٹف ٹائیلز کی مرمت کا بھی حکم دیا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایس پی ٹریفک وسیم بٹ اور سی او ایم سی ایس فیصل شہزاد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور کمشنر روڈ کا بھی دورہ کیا اور کمشنر روڈ پر ٹریفک کی بے ہنگم صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پارکنگ اسٹینڈ کی ہسپتال کے گیٹ نمبر 5میں فوری منتقلی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کمشنرروڈ ہر پرائیویٹ ایمنولینسز بھی پارکنگ اسٹینڈکے اندر کھڑی کی جائیں گی۔