اسلام آباد،پارلیمنٹ ہاؤس میں  ایوان بالا کی گولڈن جوبلی کی شاندار تقریبات کا آغاز

3

اسلام آباد،14مارچ  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نےایوان بالا کی گولڈن جوبلی کی شاندار تقریبات  کا   پارلیمنٹ ہاؤس میں منگل کو باقاعد آغاز کر دیا ہے۔ایوان بالا  کی گولڈن جوبلی کی افتتاحی تقریبات کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں یادگار پودا لگایا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ ایوان بالا کی50 ویں سالگرہ پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، آج کا دن پوری قوم کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان بالا کے قیام سے حقیقی جمہوریت وجود میں آئی،یہ ایوان پورے ملک اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کی موثر آواز ثابت ہوا۔ چیئرمین سینیٹ  نے کہا کہ ایوان بالا عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے جو خدمات اور قانون سازی عمل میں لائی قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کے تناظر میں ایوان بالا کی گولڈن جوبلی تقریبات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہی محدود رکھا گیا ہے۔ تقریبات کفایت شعاری مہم کے تناظر میں منعقد ہو رہی ہیں۔