ماحولیاتی تبدیلیاں انسانی زندگیوں کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیں، شیری رحمان

7

اسلام آباد،14مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی  تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں انسانی زندگیوں کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیں،ان سے پیدا ہونے والے مسائل کو   اداروں کے باہمی تعاون سے  آسانی سے  حل کیا جا  سکتا ہے۔دنیا کے بہت سے خطے گلیشئرز کے پگھلاؤ اور ہیٹ ویوزسے متاثر ہور  ہے  ہیں،بہار کا موسم تقریباً ختم ہوگیا ہے۔منگل کو یہاں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے )کے زیر اہتمام نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) اور دیگر وفاقی و صوبائی ایمرجنسی سروسز کے اداروں کی فرضی مشقوں کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ قدرتی آفات سےنقصان کو کم سے کم کرنے    کیلئے متعلقہ  اداروں میں ہم آہنگی ضروری ہے،قدرتی آفات کے بعد  پہلا کام بنیادی ڈھانچے کی بحالی ہے۔کوئی بھی ملک قدرتی آفات کا نقصان محض  اپنے بل بوتے پر برداشت نہیں کرسکتا ۔ قدرتی آفات کے  بعد دوست ممالک ہی   پہلے  مدد کوپہنچتے ہیں۔

 شیری رحمان نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کو بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا کرنا پڑا،متاثرین کو  ریسکیو اور ان کی بحالی کے کاموں میں این ڈی ایم اے ،پی ڈی ایم اے اور دوسرے اداروں نے مل کر کام کیا جس پریہ ادارے داد کے مستحق ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں آفات سے نمٹنے کیلئے مختلف اداروں کے درمیان  تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔