اوکاڑہ،21مارچ )اے پی پی): ڈویژنل فاریسٹ آفیسر طارق محمود نے کہا ہے کہ صحتمند جنگلات صحتمند معاشرے کی علامت ہوتے ہیں کسی بھی ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کے لئے جنگلات کا ہونا بہت ضروری ہیں۔
جنگلات کے عالمی دن کےحوالہ سے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر طارق محمود نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درختوں سے خوشگوار آب وہوا،خوراک اور ادویات دستیاب ہوتی ہیں اسلئے کسی بھی ملک میں 25 فیصد جنگلات کا ہونا بہت ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ موسم بہار کی شجر کاری کے لئے ضلع اوکاڑہ کو دس لاکھ تراسی ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ ملا ہے، ہمارے پاس بارہ لاکھ پودے موجود ہیں شجرکاری مہم کے تحت اب تک پچاس فیصد ٹارگٹ پورا ہوچکا ہے۔
انہوں نے عوام کو پیغام دیا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اس لئے ہر شخص کو چاہئیے وہ اپنے حصہ کا خود پودا لگا کراس کی حفاظت کریے اور دوسروں کو بھی اس کار خیر میں شریک کریں۔