عمران خان کو امن کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، سائنسی تعلیم ہی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے،قمر زمان کائرہ

19

لاہور۔9مارچ  (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سائنسی تعلیم ہی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے،تعلیم ہی کسی معاشرے کی تہذیب و تمدن کو اجاگر کر تی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ایف سی کالج میں سائنس فیئر کی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سائنسی علوم میں محنت کرنے والی قومیں آج ترقی کی دوڑ میں بہت آگے ہیں،سائنس کی ترقی سے ہی ذہنی سوچ میں تبدیلی پیدا ہو ئی،پاکستان کا آ ج سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہم سائنس کی ترقی میں بہت پیچھے ہیں،سائنس مسائل کا حل دیتی ہے ہر چیز کو ذہن اور سائنس کے پیمانے سے ماپنے سے ہی کامیابی ممکن ہے۔  اس موقع پرریکٹر ایف سی کالج جوناتھن اڈیلٹن، چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ مرزا حبیب علی ، فیکلٹی ممبران اور طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہم گندم باہر سے منگوا رہے ہیں،پاکستان اس وقت متعدد مسائل کا شکارہے، اپوزیشن کی جانب سے ملک ڈیفالٹ ہونے کا راگ الاپنے سے لوگو ں میں نا امیدی پیدا ہو تی ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاست دان کو مفاہمتی انداز اپنانا چاہیے ،عمران خان کو تشدد کا راستہ چھوڑ کرامن کا راستہ اختیار کرنا چاہیے،تشدد کا کسی بھی صورت میں دفاع نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے کارکنوں نے دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود لاہور میں پولیس پر پتھرائو کیا، ان کی گاڑیوں کو توڑا اور پولیس اہلکاروں پر ڈنڈے برسائے، اس سارے معاملے میں کارکنان پولیس سے کیسے توقع کر سکتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ نرم رویہ اپنائیں، ہم اس روش کی پرزور مذمت کر تے ہیں اور احتجاج کے اس طریقہ کار کی مخالفت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سٹرکوں پر احتجاج کرنے کی بجائے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹانا چاہیے کیونکہ انصاف حاصل کرنے کیلئے عدالتیں بہترین ذریعہ ہیں جبکہ جلائو گھیرائو کا راستہ اختیار کر نا جمہوریت پسند قوموں کوزیب نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بہت سے مسائل کاسامنا ہے لیکن اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے حکومت سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میڈیا کو حکومت کی مثبت پالیسیوں کے بارے میں عوام کو آگاہی دینی چاہیے ناکہ حکومتی معاملات پر تنقید کی جائے ،جب اپوزیشن ملک ڈیفالٹ ہونے کا بار بار راگ الاپتی ہے تو لوگوں اور کاروباری طبقے میں ناامیدی پیدا ہوتی ہے، اپوزیشن کو حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈے بند کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں،ماضی میں بھی خزانہ کھالی ہونے کے باوجود ہم معاشی مشکلات سے نکل گئے تھے اس مرتبہ بھی فکر کی کوئی بات نہیں ، بہتری کے آثار آنا شروع ہو گئے ہیں ، مشکل وقت جلد کٹ جائے گا۔ انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الیکشن آئین کے مطابق ہونے چاہئیں ، الیکشن کمیشن نے تاریخ کا اعلان کر دیا ہے ، انہوں نے تجویز دی ہے کہ اگر تمام سٹیک ہولڈرز مفاہمت کے بعد انتخابات کی ایک ہی تاریخ پر متفق ہو جائیں تو اس سے قومی خزانے کے اربوں روپے کی  بچت ہو سکتی ہے ۔