وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات

51

نیویارک ،09 مارچ  (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے  صدر سسبا کوروسی سے  ملاقات کی جو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے  حوالہ سے جمعہ کو  ( آج )ہونے والے اعلی ٰسطحی اجلاس سے قبل ہوئی ۔جنرل اسمبلی کے صدر اور پاکستانی وزیر خارجہ کی طرف سے مشترکہ طور پر بلا ئے گئے اس اجلاس میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جیسا کہ 2020 کی اسمبلی کی قرارداد میں  اسلامو فوبیا کے اس رجحان سے نمٹنے کے لیے 15 مارچ کو بین الاقوامی دن قرار دیا گیاہے۔حکام نے بتایا کہ ملاقات کے دوران صدر کوروسی نے وزیر خارجہ بلاول کو پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز ‘اسلام میں خواتین’ کے موضوع پر کامیاب اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد دی۔وزیر خارجہ نے یو این جی اے کے صدر کا دن بھر جاری رہنے والی کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے آئندہ 2023 اقوام متحدہ کی  پانی کے بارے میں کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔یہ کانفرنس  جسے باضابطہ طور پر 2023 کی کانفرنس برائے وسط مدتی جامع جائزہ کے نام سے جانا جاتا ہے، پانی اور  نکاسی آب کے لیے اقوام متحدہ کی دہائی کے لیے ایکشن (2018-2028)  پر عمل درآمد کے لیے 22 سے 24 مارچ تک نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوگی۔ جس کی میزبانی تاجکستان اور نیدرلینڈز  مشترکہ طورپر  کر رہے ہیں ۔ بلاول نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کو پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا کیونکہ پانی ان کے ملک کے لیے بڑی اہمیت کا مسئلہ ہے۔