فیصل آباد۔8مارچ (اے پی پی):جشن بہاراں تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا جو آئرن مارکیٹ ڈی ٹائپ سے شروع ہوکر سمندری روڈ،جھال پل،سٹیٹ بینک روڈ،ہلال احمر چوک،سرینا روڈ،بلال روڈ سے ہوتی ہوئی اقبال سٹیڈیم پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے بھی سائیکلنگ کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کاشف رضا اعوان،فیصل سلطان،ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال سمیت دیگر افسران اور سائیک ایسوسی ایشن کے سائیکلسٹ نے بھی سائیکل چلا کر ریس میں شریک ہوئے۔اقبال سٹیڈیم میں بچوں،فیمیل اور اوپن کیٹگری کا سائیکل مقابلہ بھی ہواجس میں سائیکلسٹ نے جوش وخروش سے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تینوں کیٹٹگریز کے پوزیشن ہولڈرز میں نقد انعامات جبکہ دیگر سائیکلسٹ میں انعامات وشیلڈز تقسیم کیں۔انہوں نے کہا کہ سائیکل ریس وریلی جشن بہاراں کی تقریبات کا اہم حصہ تھی جس میں شہریوں کی بھرپور شرکت نے اس ریس کو چارچاند لگادیئے۔سائیکل ریلی جب آئرن مارکیٹ سے نکلی تو راستے میں بوائز وگرلز سکولوں کے بچوں نے ریلی کا خیر مقدم اور پتیاں نچھاور کیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جمعرات 9 مارچ کو میراتھن ریس رن فیصل آباد رن کینال روڈ نزد کشمیر پل سے شروع ہوکر اقبال سٹیڈیم آئے گی جبکہ بچوں، خواتین کی میراتھن چناب کلب چوک سے شروع کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اقبال سٹیڈیم میں رات 8 بجے میوزیکل نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں نتاشہ بیگ پروفارمنس کا مظاہرہ کریں گی۔