فیصل آباد؛خاتون محتسب پنجاب کاگورنمنٹ و یمن یونیورسٹی کا دورہ،خواتین کی جنسی ہراسگی اور ملکیتی حقوق بارے آگاہی دی

2

فیصل آباد،22مارچ  (اے پی پی):خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فار و یمن فیصل آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے بدھ کو وویمن یونیورسٹی میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں اپنے فرمان پر عمل کرنے کیلئے چنا ہے،عورت کو اللہ پاک نے ایک مقام بخشا ہے، حکومت پنجاب نے خواتین کے و راثتی و ملکیتی حقوق کے تحفظ کیلئے پنجاب انفورسمنٹ آف ویمنز پرپرٹی رائٹس ایکٹ 2021  اور جائے ملازمت پر جنسی ہراسگی کے خلاف تحفظ کا ایکٹ 2010 (ترمیم شدہ) نافذ کیا۔

 نبیلہ حاکم علی خان نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنے حقوق پہچانیں اور اپنے اندر کا ڈر خوف ختم کر دیں۔انہوں نے کہا کہ خاتون محتسب پنجاب کے قیام کے بعد اب خواتین کا معاشی اور جنسی استحصال نہیں ہونے دیں گے مگر اس کیلئے آپ کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے انتہائی آسان،مفت اور تیز رفتار انصاف کیلئے خاتون محتسب پنجاب کے فیصل آباد آفس سے رجوع کرنا ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ خاتون محتسب آپکی درخواست پر 3 دن کے نوٹس پر دوسرے فریق کو طلب کرے گی اور فوری کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے 60 دن میں فیصلہ سنائے گی،قبضہ شدہ جا ئیداد کا مارکیٹ ریٹ پر کرایہ ادا کرنے کا حکم دے گی اور کوئی فریق خاتون محتسب کی حکم عدولی کرے گا تو خاتون محتسب ہائی کورٹ کی طرح حاصل اختیارات کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی بھی مجاز ہے۔

 خاتون محتسب پنجاب نے کہا کہ خوتین اب گھبرائیں مت اور اپنی شکایات ڈاک سے بھیجیں یا خاتون محتسب پنجاب کی ویب سائٹ     www.ombudsperson.gov.pkپر بھیجیں یا ای میل ombudspersonpunjab @gmail.gov.com.pk پر بھیج سکتے ہیں۔نبیلہ حاکم علی خان نے کہا کہ تمام خوتین اپنے اداروں میں قائم کردہ ہراسمنٹ انکوائری کمیٹی سے رابطہ کریں یا اپنی درخواستیں براہ راست خاتون محتسب پنجاب کو بھجوائیں۔انہوں  نے کہا کہ اس بارے میں دیگر  کسی بھی معلومات کیلئے ویب سائٹ ملاحظہ فرمائیں۔

 روبینہ فاروق وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فار و یمن نے خاتون محتسب کو خوش آمدید کہا اور خاتون محتسب پنجاب کے فیصل آباد میں قیام کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے وراثتی و ملکیتی حقوق کے تحفظ کیلئے پنجاب حکومت کا یہ احسن اقدام ہے اس سے خواتین کو مفت اور جلد انصاف ملے گا اور وہ اللہ تعالی کے عطا کردہ حق سے محروم نہیں ہوں گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ خواتین کی دفاتر میں جنسی ہراسگی ہمارے معاشرے کا ایک المیہ ہے تاہم خاتون محتسب پنجاب کے قیام سے خواتین میں اعتماد بڑھے گا اور وہ مردوں کے شانہ بشانہ عزت واحترام سے اپنے دفتری امور سر انجام دے سکیں گی۔انہوں نے کہا اس کیلئے خواتین کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے جاگنا ہو گا اور خاتون محتسب پنجاب فیصل آباد کو اپنے ملکیتی و معاشی حقوق اور جائے ملازمت پر ہراسگی کے مسائل کیلئے رجوع کرنا ہو گا۔

اس سے قبل خاتون محتسب پنجاب نے یونیورسٹی میں نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نیوٹریشن آگاہی واک میں شرکت کی اور طالبات کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا بھی معائنہ کیا اور اس دوران انہوں نے کیک بھی کاٹا اور طالبات کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔

سیمینار کے اختتام پر خواتین و طالبات کے خاتون محتسب پنجاب کے ادارے کے حوالے سے سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں معزز مہمان نبیلہ حاکم علی خان نے جو ا بات دیئے۔خاتون محتسب پنجاب نے آخر میں فیکلٹی ممبران میں سو ینئر پیش کیں۔