قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں میں باہمی روابط کو بڑھانا ہوگا ،وفاقی وزیر شیریں رحمان

4

اسلام آباد، 16 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیریں رحمان نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں میں باہمی روابط کو بڑھانا ہوگا ، موسمیاتی تبدیلی کا چیلنج آفاقی ہے  ،پاکستان میں گزشتہ سال کا سیلاب سب کے لیے ایک سبق ہے۔وہ جمعرات کو یہاں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )  کے زیر اہتمام ایمرجنسی سروسز اداروں کی تین روزہ فرضی مشقوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔

وفاقی وزیر نے فرضی مشقوں کے انعقاد پر این ڈی ایم اے،مسلح افواج ، وفاقی و صوبائی اداروں ، اقوام متحدہ اور دیگر شراکتی اداروں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ آفات سے نمٹنے کے لئے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، فرضی مشقوں کا مقصد ریسکیو ،بحالی اور ریلیف کے لئے بروقت منصوبہ بندی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی ایک چیلنج ہے، متاثرہ علاقوں میں خوراک کی کمی اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی بھی چیلنج ہےجس کے لئے حکومت  اقدامات کررہی ہے۔ شیریں رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہیٹ ویوو میں اضافہ اور جنگلات تیزی سے کم ہورہے ہیں،جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کو روکنے کے حوالے سے بھی فرضی مشقیں جلد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لئے تیاری اور بروقت پیش گوئی سے نقصانات کم کیے جاسکتے ہیں، قدرتی آفات کی صورت میں ہائیڈل منصوبوں اور پلوں کو نقصانات سے بچانے کے لئے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔