مردم شماری و خانہ شماری اہم قومی فریضہ ہے، ذمہ داری  سمجھ کر اداکریں؛ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال

19

رینالہ خورد،10مارچ(اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ مردم شماری و خانہ شماری اہم قومی فریضہ ہے، ذمہ داری  سمجھ کر اداکریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمبر داران ،سیکر یٹری یونین کونسلز اور ریونیو افسران سے اسسٹنٹ کمشنرآفس رینالہ خورد میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ خانہ شماری و مردم شمای ایک انتہائی اہم ذمہ داری ہے جسے عہدہ برا ہونے کے لئے تمام سرکاری محکموں کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے مردم شماری کے لئے فیلڈ ٹیموں کی معاونت کرنی ہے، مردم شماری کے لئے کام کرنے والے فیلڈ ٹیموں کی سیکیورٹی کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کے تعاون کو بھی یقینی بنانے کے لئے نمبر داران ،سیکریٹری یونین کونسلز اور ریونیو افسران کا کردار انتہائی اہم ہے ۔

کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا کہ نمبر داران اپنے اپنے موضع جات میں معتبر اور نمایاں شخصیات ہیں اپنے اثرورسوخ کی وجہ سے مردم شماری کے لئے کام کرنے والی ٹیموں کی معاونت کریں اور اپنے علاقہ کے صیح اعداد و شمارریکارڈ کروانے میں معاونت کریں  جبکہ سرکاری ملازمین مردم شماری کی ذمہ داری کو فرض سمجھ کر ادا کریں یہ قومی فریضہ ہے کہ ہم ملکی سطح پر ہونے والی اس مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران ،نمبر داران ،سیکریٹری یونین کونسلز کی نہ صرف تحسین کی جائے گی بلکہ انہیں تعریفی سرٹیفیکٹس بھی دئیے جائیں گے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ذاتی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر قومی فریضہ کو سر انجام دیں ۔

اس موقع پر موجود ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے بھی نمبرداران، ریونیو افسران اور سیکر یٹری یونین کونسلز سے خطاب کیا۔

 قبل ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کے ہمراہ مردم شماری کے لئے بنائے گئے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا، شکایت رجسٹر اور ان کو حل کرنے کے لئے کی جانے والے کاوشوں سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے مردم شماری کے لئے بنائے گئے پلان اور نقشہ جات کا بھی معائنہ کیا۔

بعدازاں کمشنر ساہیوال نے اسسٹنٹ کمشنر آفس رینالہ خورد میں جاری شجرکاری مہم کے تحت  پودالگایا۔