ملتان، 23 مارچ (اے پی پی ): رمضان پیکج کے تحت ملتان میں ڈھائی لاکھ سے زائد مفت آٹے کی تقسیم کر دی گئی ہے ،ساڑھے 8 لاکھ شہریوں کو مفت آٹے کی فراہمی کیلئے 36 مراکز مکمل فعال ہیں۔
اس سلسلے میں کمشنر انجنئیر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے آٹا مراکز کے اچانک دورے کئے ۔ کمشنر نے شہریوں کی سہولت کیلئے چیکنگ کاؤنٹر مزید بڑھانے کی ہدیات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے مستحق طبقے کیلئے مثالی رمضان پیکج دیا ہے ، نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہر شہری کو 3 تھیلے فراہم کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد تمام آٹا سنٹرز مکمل بحال کردیے گئے ہیں۔
کمشنر عامر خٹک نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈز کی سکیننگ کاسسٹم مزید بہتر بنایا جائے جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا شناختی کارڈ سکینگ کے حوالے سے شہریوں کو موثر آگاہی دی جارہی ہے ،نمایاں مقامات پر ڈسٹری بیوشن پوائنٹس میں اضافی سپلائی جاری ہے۔انہوں نے کہا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ شہریوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے ، حکومت پنجاب کے تاریخی پیکج سے شہریوں کو براہ راست ریلیف حاصل ہورہا ہے۔