ملتان؛ ضلعی انتظامیہ کا سپیشل پرسنز کو سہولیات فراہمی کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ ، سرکاری محکموں اور عوامی مقامات پر خصوصی واش رومز اور ریمپ بنائے جائیں گے

16

ملتان،16 مارچ (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے سپیشل پرسنز کو سہولیات فراہمی کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں سرکاری محکموں اور عوامی مقامات پر خصوصی واش رومز اور ریمپ بنائے جائیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کے دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سپیشل پرسنز میں وہیل چیئرز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔صدر سوسائٹی فار سپیشل پرسنز زاہدہ قریشی نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ سپیشل پرسنز کی بحالی اور روزگار فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے،ضلعی انتظامیہ سپیشل پرسنز کو باعزت روزگار دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن حاصل کرنے والے سپیشل افراد کو سرکاری محکموں میں مواقع فراہم کئے جائیں گے،محکمہ سوشل ویلفیئر کو سپیشل پرسنز کا ازسرنو ڈیٹا تیار کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے سپیشل پرسنز کے مسائل سنے اور احکامات بھی جاری کئے۔