ملتان: “جنوبی پنجاب ادبی و ثقافتی میلہ” ، معروف ادبی شخصیات ڈاکٹر انوار احمد ، پروفیسر اصغرندیم سید کے ساتھ مکالمہ منعقد

2

ملتان، 18مارچ(اے پی پی ): ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے زیراہتمام “جنوبی پنجاب ادبی و ثقافتی میلہ” کے آخری روز معروف ادبی شخصیات ڈاکٹر انوار احمد اور پروفیسر اصغرندیم سید کے ساتھ مکالمہ منعقد ہوا جس کی میزبانی شاکر حسین شاکر نے کی۔

اس موقع پر پروفیسر اصغرندیم نے گفتگو میں   بتایا کہ انہوں نے پہلا ڈرامہ  “چاند گرہن”چولستان کی ثقافت پر  لکھا جس نے انہیں پہچان دی  جبکہ  انہوں نے  ملتان کی حویلیوں پر بھی”دریا” ڈرامہ لکھا۔انہوں  نے بتایا کہ  نجی چینلز آنے کے بعد ڈراموں کے کلچر میں تبدیلی آئی  ہے اور بالی ووڈ کی نقل نے ہمارے ڈرامے اور فلم کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بالی ووڈ کے پاس فلم بنانے کے لئے اربوں روپے کا سرمایہ ہوتا ہے اور انہوں نے فلمی موضوعات کو بھی بدل لیا ہے جبکہ ہم ابھی تک وہیں کھڑے ہیں۔انہوں  نے بتایا کہ مجھے ادب کی طرف  ڈاکٹر انوار احمد نےراغب کیا۔

ڈاکٹر انوار احمد اور اصغرندیم سید نے ملتان کے اپنے مادرعلمی کا بھی ذکر کیا اور سکول اور کالج کی یاداشتیں بیان کیں۔اصغرندیم سید نے بتایاکہ انہوں نے اور ڈاکٹر انوار نے بے روزگاری کے دن اکٹھے کاٹے اور بے روزگاری کے دوران دونوں کا زیادہ  تروقت سڑکوں اور ریلوے اسٹیشن پر آوارہ گردی میں گزرتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس خطے کی ثقافت کی  ترویج میں ریڈیو پاکستان ملتان کا بڑا کردار ہے۔انہوں  نے ادب کی ترویج میں  کردار ادا کرنے والی ملتان کی شخصیات  کا بھی تذکرہ کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب طارق اعوان نے ڈاکٹر انوار احمد اور اصغرندیم سید کو یادگاری شیلڈ دیں۔ ادبی اور ثقافتی میلہ کے سلسلے میں معروف مزاح نگار گل نوخیز اختر کے ساتھ بھی نشست منعقد ہوئی جس کی میزبانی عامرشہزاد صدیقی اور  صائمہ علی نے کی۔ گل نوخیز اختر کو ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن طارق اعوان نے یادگاری  شیلڈ بھی پیش کی۔اس موقع پر سرکاری اور نجی کالجز کے پروفیسرز اور طلباء و طالبات، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل سیکرٹریز محمدفاروق ڈوگر، طارق اعوان اور دیگر افسران  بھی موجود تھے۔