میرپورخاص،30 مارچ (اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذولفقار علی مہر کی ہدایات کی روشنی میں ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چودھری کی جانب سے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ سب ڈویژن سٹی، سیٹلائٹ ٹاؤن، سندھڑی، میں کچہری کی لائیو سٹریمنگ کی گئی جس میں سب ڈویزن کے ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
مقامی افراد نے ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چودھری کو اپنے مسائل پیش کیئے، جس کے بعد ایس ایس پی میرپورخاص نے لوگوں کے مسائل بروقت تمام ایس ڈی پی اوز کو فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کیں اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اس موقع پر ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چودھری کا کہنا تھا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے اور مجھے فخر ہے کہ پولیس کے ساتھ میرپورخاص کی عوام کا تعاون پر امن اور مثبت سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں مزید کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ عوام کے مسائل سے آگاہی کے ساتھ ساتھ پولیس اور عوام کے تعاون کو ہر سطح پر مزید مستحکم بنایا جا سکے۔











