میرپورخاص، 08 مارچ (اے پی پی): مغرب نے عورت کو مرد کے برابر حقوق کا خوشنما نعرہ دیکر عورت کا بدترین استحصال کیا ہے۔ اسلام نے ماں بیوی بہن اور بیٹی کا مقدس درجہ عطا کرکے عورت کو باعزت مقام دیا ۔ بحیثیت شہری ہر عورت کی جان و آبرو عفت و عصمت کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ۔فرسودہ اور جاہلانہ رسموں نے عورت کو معاشرے میں غیر محفوظ کردیا ہے ۔اسلام کے عطا کردہ حقوق اور عائد کردہ ذمہ داری کی ادائیگی ہی میں اج کی عورت کا مقام بہتر ہو سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین میرپورخاص کے تحت گلستان بلدیہ کے سامنے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ حقوق نسواں ریلی و مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص حافظ سلمان خالد نے نے کیا۔مارچ میں نائب ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین فوزیہ خالد ، ناظمہ ضلعہ میرپورخاص حلقہ خواتین ندرت احمد ، ناظمہ شہر طیبہ طارق ، رضیہ اصلاح الدین کی قیادت میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔مارچ میں شامل خواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھارکھے تھے جن پر خواتین کے ساتھ ہونے والے استحصال اور ناروا سلوک کے خلاف نعرے درج تھے اس موقع پر کئی خواتین نے کہا کہ حکومت وقت خواتین پاکستان کو اسلام کے عطا کردہ وہ تمام حقوق مہیا کرے جو کہ ہماری بہتری وتحفظ اور معاشرے میں باعزت مقام کا ضامن ہیں ۔