نارووال؛ تین روزہ جشن بہاراں فیسٹیول 2023اختتام پذیر ،ڈاگ شو،برڈ اورپیٹ شو منعقد

7

نارووال،20 مارچ( اے پی پی): ضلع نارووال میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے منعقدہ تین روزہ جشن بہاراں فیسٹیول 2023اختتام پذیر  ہو گیا ہے،  تیسرے روز کی تقریبات میں محکمہ لائیوسٹاک کے زیراہتمام ڈاگ شو،برڈ اورپیٹ شوکاانعقاد کیاگیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے منعقدہ ڈاگ شواوربرڈ فیسٹیول ایک نمایاں حیثیت کاحامل رہاہے جہاں پر اعلی نسل کے پرندے اوردوسرے جانوروں کاانتخاب کیاگیاجس سے  نارووال کے شہریوں میں ایسے پرندے اورجانورپالنے کاشوق پیداہوگا۔انہوں  نے کہاکہ نارووال چھوٹے اضلاع میں تفریح کے زرائع نہ ہونے کے سبب لوگ شدید گھٹن کا شکار ہیں اورضلعی انتظامیہ آئندہ بھی اس طرح کےمثبت تفریحی پروگرامزکا سلسلہ جاری رکھے گی۔

ڈپٹی کمشنرچوہدری محمداشرف نےکہا کہ اہلیان نارووال کو پرتحفظ انداز کے ساتھ پرسکون ماحول میں صحت مندانہ تفریحی مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، فیسٹیول کا انعقاد بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تفریح کیلئے سجائے جانے والے ان میلوں میں ہم ملکی ثقافت کو بھی منفرد انداز میں پیش کرتے ہیں اوراس سے نوجوان نسل کی عملی، فنی و ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ سے مقابلہ بازی کا مثبت رجحان فروغ پائے گااوران کی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آئیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر برڈ شو اور ڈاگ شومقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات،شلیڈاورسرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔فیسٹیول کے اختتام پر رات کوآتش بازی کابھی مظاہرہ کیاگیا۔